نیویارک (پاک ترک نیوز)
اسرائیل کے وزیراعظم یائرلاپیڈ نے فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کے دہائیوں سے جاری تنازع کے دو ریاستی حل پرزوردیا ہےاور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ’’اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں جمعرات کی شب ان کی یہ تقریر امریکی صدر جو بائیڈن کے اگست میں اسرائیل کے دورے کے موقع پرطویل عرصے سے غیرفعال دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ قرار دی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ دو ریاستوں پر مبنی معاہدہ اسرائیل کی سلامتی،اس کی معیشت اور ہمارے بچّوں کے مستقبل کے لیے ایک درست چیز ہے۔یائرلاپیڈ نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاہدہ ایک پُرامن فلسطینی ریاست سے مشروط ہوگاجس سے اسرائیل کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی رہنما ماضی میں اقوام متحدہ کے اسٹیج پر اس مسئلے پر بات کرنے سے ہمیشہ گریز کرتے رہے ہیں اوریہ پہلا موقع ہے کہ کسی اسرائیلی وزیراعظم نے عالمی فورم پر مشرق وسطیٰ کے اس دیرینہ تنازع کے دوریاستی حل کی بات کی ہے۔