گوجرانوالہ(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمشنر کے خلاف تو میں ہرجانے کے لیے عدالت جاؤں گا۔نواز شریف اور آصف زرداری پی ٹی آئی کو فوج سے لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنا پڑا اور اسے شہید کر دیا گیا۔ مجھ پر درجنوں مقدما ت درج کیے گئے اور الیکشن کمشنر کے خلاف تو میں ہرجانے کے لیے عدالت جاؤں گا۔
عمران خان نے گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ملک کو ٹوٹتے دیکھا تھا، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا جو الیکشن جیت گئی تھی لیکن مشرقی پاکستان کے عوام کو ان کا حق نہیں دیا گیا، کیونکہ یہاں ایک سیاست دان نے اپنی کرسی کےلیے سازش کرکے انہیں ان کا حق نہیں دیا، اس نے فوج کو اس پارٹی کیخلاف کھڑا کردیا جس کے نتیجے میں ملک ٹوٹ گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پھر لندن میں بیٹھا بھگوڑا نواز شریف اور ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ملکر سازش کررہے ہیں، کہ ملک کی سب سے جماعت پی ٹی آئی اور فوج و اسٹیبلشمنٹ کو ایک دوسرے کیخلاف کھڑا کریں، یہ ملک کیخلاف سازش ہے، سارے چوروں کا مقصد فوج کا پی ٹی آئی سے ٹاکرا کرانا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری کے پیچھے سندھ آرہاہوں، نواز شریف تم واپس آؤ الیکشن لڑو میرا چیلنج ہے تمہیں میں تمہارے حلقے میں ہرا کر دکھاؤں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نوازشریف نہیں کہ ملک سے فرار ہوجاؤں، میراجینا مرنا پاکستان میں ہے، نوازشریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی اور باہرگئے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ سب مل کر ڈاکو نواز کا استقبال کریں گے اور سیدھا ایئرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کر جائیں گے، ہماری تحریک، ساری قوم چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہی ہے کہ آپ نے ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے۔