اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔امپورٹڈ حکومت معیشت کے چیلنجز اور دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے سپاہی، پولیس اور مقامی لوگ روزانہ جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، دہشتگردی کے بڑھتے خطرات اور مغربی سرحد پار سے حملوں کا حکومت ذکر تک نہیں کر رہی، ان سب کی دلچسپی صرف این آر او ٹو میں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ معیشت زمین پر لانے کے علاوہ امپورٹڈ حکومت دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی، چمن سے سوات، لکی مروت سے بنوں تک دہشتگردی میں 50 فیصد اضافہ ہوا، حکومت پاک افغان سرحد سے ہونے والے حملوں سے نمٹنے میں بھی ناکام رہی۔
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں، انتخابات ہی سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔