نیویارک(پاک ترک نیوز) معروف کمپنی آئی بی ایم نے دنیا کا سب سے طاقتور کوانٹم پروسیسر تیار کرلیا جسے ایگل کا نام دیا گیا ہے۔ ایگل کی پروسیسنگ رفتار 127 کوانٹم بٹس (کیوبٹس) ہے۔
کوانٹم کمپیوٹروں کو کمپیوٹنگ کا مستقبل قرار دیا جارہا ہے جنہیں کوانٹم فزکس کے اصولوں پر بنایا جاتا ہے۔ اس سے کمپیوٹنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ آئی بی ایم نے چپ کے پورے آرکیٹیکچر کو نئے سرے سے بنایا ہے ۔ پروسیسر میں کوبٹس کو ایک ہی سطح (سنگل لیئر) پر رکھا گیا ہے ۔ اس سے غلطیوں میں کمی ہوجاتی ہے اور کنٹرول وائرنگ کئی طبعی سطحوں پر پھیل جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب 127 کیوبٹس ایگل دنیا کا طاقتور ترین کوانٹم پروسیسر بن گیا ہے ۔ چین کے 113 کیوبٹ جیوزیگ ، ، گوگل کے 72 کیوبٹ والے برسل کون کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
2019 میں گوگل نے 53 کیوبٹ کا سائیکامور پروسیسر بنایا تھا اور اس کے بعد آئی بی ایم بھی اس دوڑ میں شامل ہوگیا ۔ اس کے بعد گزشتہ سال چینی ماہرین نے اپنے کوانٹم کمپیوٹر سے اس حساب کتاب کو منٹوں میں انجام دیا جو روایتی کمپیوٹنگ سے ڈھائی ارب سال میں مشکل سے حل ہوسکتا تھا۔
آئی بی ایم کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ برس 433 کیوبٹ پروسیسر پیش کرے گی جسے آسپرے کا نام دیا گیا پھر 1121 کیوبٹس کا کونڈور نامی کمپیوٹر 2023 میں پیش کیا جائے گا۔