اسلام آباد(پاک ترک نیوز)ایف اے ٹی ایف ستمبر میں اپنا مشن پاکستان بھیجے گا ۔
تفصیلات کےمطابق عالمی مالیاتی جرائم پر نظر رکھنے والا ادارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ستمبر میں کسی وقت اپنا آن سائٹ مشن پاکستان بھیجے گا۔
مشن کے دورہ اسلام آباد کی تاریخ سفارتی ذرائع سے طے کی جا رہی ہے لیکن سفارتی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ موسم خزاں کے اوائل میں ہو گا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے دورے کو اسلام آباد میں سفارتی حلقے ملک کے لیے ایف اے ٹی ایف سے نکلنے کے عمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ برلن میں اپنے پلانری اجلاس میں ایف اے ٹی ایف نے ابتدائی فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مشتمل اپنے دو ایکشن پلانز کو کافی حد تک مکمل کر لیا ہے۔اب یہ اس بات کی تصدیق کے لیے سائٹ کا دورہ کرے گا کہ پاکستان میں انسداد منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کی روک تھام (سی ایف ٹی) پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور جاری ہے جبکہ مستقبل میں عملدرآمد اور بہتری کے لیے سیاسی عزم بھی موجود ہے۔