دبئی (پاک ترک نیوز) دبئی ایکسپو 2020 میں آذربائیجان کے پویلین کے چرچے ہیں ۔ دبئی ایکسپو میں آنے والوں کی بڑی تعداد آذربائیجانی پویلین میں جارہی ہے ۔ آذربائیجان کا قومی دن بھی دبئی ایکسپو میں منایا گیا ۔ جس میں اماراتی وزیر اقتصادیات عبداللہ بن توق المری نے بھی شرکت کی ۔
تقریب میں آذربائیجان کے صدر کے معاون انارالباروف نے کہا اگلے برس آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات میں سفارتی تعلقات کو تیس برس ہوجائیں گے ۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں کامیابی سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
آذربائیجان کے صدارتی معاون نے متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو تاریخی اور ثقافتی یادگاروں کی بحالی سمیت آذربائیجان کے آزاد کردہ علاقوں میں تعمیر نو کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت دی۔
ایکسپو 2020 دبئی میں آذربائیجان کی نمائندگی "مستقبل کے لیے بیج” تھیم کے تحت ایک قومی پویلین کے ساتھ کی گئی ہے۔ آذربائیجانی قومی پویلین، جس کا اہتمام حیدر علی یوف سینٹر نے کیا ہے، ملک کی تاریخ، ثقافتی میراث اور جغرافیہ کو اجاگر کرنے والی ویڈیوز پیش کرتا ہے۔
پہلی نائب صدر مہربان علی یوف نے ایکسپو 2020 دبئی میں آذربائیجان کی شرکت پر خصوصی توجہ دی اور آذربائیجان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے ایکسپو میں قومی پویلین کی تعمیر کا آغاز کیا۔