‘‘ بلیو ورلڈ سٹی ‘‘ نے ایڈوانس رقم انگین التان سےواپس کیوں نہیں لی ؟

ظہیر احمد

Ertugrulکاشف ضمیر کا اینگن التان کو دوبارہ لانے کا دعویٰ
مشہور ترک اداکار انگین التان المعروف ارطغرل غازی کو ابھی تک پاکستانی میزبان کاشف ضمیر نے ایک دھیلا نہیں دیا ۔ کاشف ضمیر ایک طرف رقم کی ادائیگی میں مہلت کے لیے انگین التان کی ٹیم سے مسلسل مہلت مانگ رہا ہے دوسری طرف سوشل میڈیا چینلز پر یہ دعوے کررہا ہے کہ وہ جنوری میں ہی اینگن التان کو واپس پاکستان لارہا ہے ۔ترکی رابطہ کرنے پر انگین التان کی ٹیم نے کاشف ضمیر کے اس دعوے کو بے بنیاد اور سراسر جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے اور بتایا ہے کہ جلد ہی انگین التان نے بھی اپنی ٹیم کو قانونی کارروائی کے لیے ترکی میں پاکستانی حکام سے رابطے کا کہہ دیا ہے ۔
سعد نذیر نے اینگن التان کو کتنا ایڈوانس دیا ؟
اس میں کوئی شک نہیں کہ ترک اداکار انگین التان کو پاکستان کے بہت سے ادارے اپنا برینڈایمبسیڈر بنانا چاہتے تھے ۔پاکستانی حکومت بھی انہیں سرکاری مہمان کے طور پر بلانے کو تیار تھی لیکن اینگن التان کے ساتھ معاہدہ کرنے میں پہلی کامیابی اسلام آباد کے مین چکری روڈ پر واقع بلیو ورلڈ سٹی ہاؤسنگ اسکیم کے مالک سعد نذیر کو ملی جنہوں نے انگین التان سے استنبول جاکر لاکھوں ڈالر میں معاہدہ کیا۔ اس میں اینگن التان اور ان کی ڈیلنگ فرم کا معاوضہ بھی شامل تھا۔ ذرائع کے مطابق استنبول میں سعد نذیر نے معاہدہ کرتے ہی انگین التان کو آدھی رقم کی ادائیگی کردی ، باقی رقم ان کی پاکستان آمد کے وقت ادا کی جانا تھی ۔بلیو ورلڈ سٹی کے سپانسرشپ لیٹر پر ہی انگین التان نے چودہ اگست دوہزار بیس کو پاکستانی سفارتخانے جاکر اپنا ویزا لگوایا ۔
بلیوورلڈ سٹی پر لگائے الزامات پر سعد نذیر کا موقف ؟

بلیو ورلڈ سٹی کے مالک سعد نذیر، انگین التان کو اپنا برینڈ ایمبیسڈر بنانے پر بہت خوش تھے اور سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر کررہے تھے ، دوسری جانب سعد نذیر کے مخالف بلیوورلڈ سٹی کی کچھ اراضی سے متعلق چلنے والے عدالتی معاملات کو لے کر میدان میں آگئے اور اسلام آباد میں ترک سفارتخانے کو ایسی دستاویز دیں کہ انگین التان کو ایک ایسی سوسائٹی کابرینڈ ایمبیسڈر نہیں بننا چاہیے جس کے معاملات عدالت میں ہیں ۔ ترک حکام یہی معاملات انگین التان کے علم میں لائے تو انہوں نے معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ بلیو ورلڈ سٹی اسکیم کے مالک سعد نذیر نے قانونی دستاویز کے ساتھ یہ بتانے کی کوشش کی کہ پاکستان میں کوئی ہاؤسنگ اسکیم ایسی نہیں جہاں اراضی بیچنے والے بعد میں زیادہ معاوضے کے لیے عدالتوں کا رخ نہ کریں اور ہاؤسنگ اسکیم کی جتنی اراضی کو متنازعہ قرار دیا جارہا ہے اس کی طے شدہ ادائیگی کی رقم گارنٹی کے طورپر عدالت میں جمع ہے اور وہ اپنے وعدے کے مطابق آدھی رقم ایڈوانس میں دے چکے ہیں اور اگر اینگن التان چاہیں تو وہ باقی رقم کی ادائیگی بھی ایڈوانس دے سکتے ہیں ، لیکن انگین التان نہ مانے ۔ سعد نذیر نےاپنی پیشکش کو برقرار رکھتے ہوئے اینگن التان سے ایڈوانس میں دی ہوئی رقم واپس نہیں مانگی اور وہ ابھی بھی ترک اداکار کے ذمے ہیں اور نہ ہی بلیوورلڈ سٹی کے سپانسر شپ لیٹر پر لگنے والا ویزا منسوخ کرنے کو کہا اور کاشف ضمیر کی دعوت پر اینگن التان اسی ویزے پر لاہور پہنچے ۔
انگین التان کی جگہ جاوید جیتن کی بلیوورلڈ سٹی آمد ؟
انگین التان کے انکار کے بعد سعد نذیر نے اسلام آباد کے مصور عباسی ایڈووکیٹ سے رابطہ کیا جو ارطغرل غازی کے جانباز دوآن الپ کاکردار اداکرنے والے جاوید جیتن کو پاکستان لارہے تھے اور ایڈوانس میں تمام رقم کی ادائیگی کرچکے تھے ۔ دوآن الپ کے پاکستانی میزبان مصور عباسی ایڈووکیٹ نے سعد نذیر کے ساتھ دوستی یوں نبھائی کہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے جاوید جیتن کو سیدھا بلیو ورلڈ سٹی لے گئے اور وہاں گھوڑے پر سوار کرکے فوٹو شوٹ بھی کرادیا ۔ سعد نذیر نے بھی جواب میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔

ارطغرل غازی نہ سہی ،حلیمہ سلطان سہی ؟
جاوید جیتن کے آنے کے بعد سعد نذیرنے ارطغرل غازی ڈرامے کی ہیروئن اسرابلیگج المعروف حلیمہ سلطان سے رابطہ کیا اور انہیں بلیوورلڈ سٹی کا برینڈ ایمبسیڈر بننے کی پیشکش کی ۔ اس بار سعد نذیر نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معاہدے کی تشہیر کے بجائے حلیمہ سلطان کے کمرشل شوٹ کرائے اور انہیں پاکستان بلانے کے بجائے ان کے ویڈیو شوٹ کراتے رہے ، تاکہ مناسب وقت پر میڈیا پر تشہیری مہم چلائی جاسکے ۔
انگین التان کو زیادہ کی خواہش نے مار ڈالا ؟
جب کاشف ضمیر نے ڈاکٹرفرقان حمید کے ذریعے اینگن التان سے ملاقات کی اور پاکستان آنے کے لیے دس لاکھ ڈالر کی پیشکش کی تو انگین التان کی ٹیم کے لیے یہ آفر غیر متوقع طور پر زیادہ تھی ۔ اس سے پہلے جو چھہتر مختلف پاکستانی ادارے آفرز دے رہے تھے ، وہ تین لاکھ ڈالرز سے زیادہ نہیں تھی جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے انہیں سرکاری مہمان کے طور پر بلانے کی بھی بات کئی بار سامنے آئی لیکن ہمارے ذرائع کے مطابق اینگن التان نے اپنی ٹیم کو صاف صاف کہہ دیا تھا کہ وہ مفت کے مہمان نہیں بنیں گے اور جو لوگ زیادہ رقم کی پیشکش کریں گے وہ ان کے مہمان بن کر جائیں گے ۔ اینگن التان کی اس خواہش نے انہیں کاشف ضمیر کے جال میں پھنسا دیا ۔ دس لاکھ ڈالر کی پیشکش اور اہم حکومتی شخصیات کی ویڈیوکالز نے اینگن التان کی ٹیم کو ہاں کرنے پر مجبور کردیا اور اب وہ پچھتا رہے ہیں کہ جس چودھری گروپ آف انڈسٹریز کا مالک بن کر کاشف ضمیر نے انہیں منایا ۔ اس کا کوئی وزیٹنگ کارڈ یا کمپنی لیٹر تک بھی نہیں ۔ سب کچھ وٹس ایپ پر ہی ہوتا رہا ۔
سعد نذیر کی کاشف ضمیر کو اینگن التان کیلئے پیشکش ؟
جب اینگن التان لاہور میں قیام پذیر تھے تب بلیوورلڈ سٹی کے مالک سعد نذیر نے ایک اور کوشش کی اور پیشکش کی کہ اگر اینگن التان بلیو ورلڈ سٹی کاصرف ایک وزٹ کرلیں تو سابقہ معاہدے کی مکمل رقم دینے کو تیار ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سعد نذیر کی پیشکش پرکاشف ضمیر نے مطالبہ کیا کہ تمام رقم اسے ایڈوانس میں دی جائے اس کے بعدہی وہ کوئی جواب دیں گے ، اس پر سعد نذیر نے قریبی دوست سے مشاورت کے بعداینگن التان کا میزبان بننے کا فیصلہ موخر کردیا اور کاشف ضمیر کو رقم دینے کے بجائے ارطغرل غازی ڈرامے کی ہیروئن اسراٗ بلیگج المعروف حلیمہ سلطان کی ٹی وی کمپین شروع کردی ۔ تاکہ مارکیٹ کو یہ بتایا جاسکے کہ اگر ہیرو ارطغرل غازی نہیں آیا تو ہیروئن حلیمہ سلطان ، سب کو بتارہی ہے ، بلیوورلڈ سٹی ، میرا نیا گھر ۔ ۔۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More