اسلام آباد (پاک ترک نیوز) بھارتی کمرشل پروازوں کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے زیر استعمال طیارہ بھی پاکستانی فضائی حدود سے گزر گیا ۔بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ گزشتہ روز پاکستانی فضائی حدود سے گزر کر اٹلی جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے لیے گیا ۔
بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ بوئنگ 777،تھری ہنڈرڈ ای آرکے 7066 بہاولپورسے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا جہاں سے وہ تربت اور پنجگور کی فضائی حدود سے گزر کر پاکستانی فضائی حدود سے نکل گیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے نے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی ۔ اٹلی میں جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر بھی وزیراعظم نریندرمودی کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود سے گزر کر نیودہلی جائے گا۔ پاکستان سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کو فضائی حدود سے گزرنے کے متعلقہ اتھارٹی نے اجازت دی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز پہلے بھارتی نجی ایئرلائنز کے طیارے نے سرینگر سے شارجہ جاتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی تھیں جس کی پاکستان کی متعلقہ اتھارٹی نے اجازت دی تھی لیکن اس اجازت پر کئی سوال پر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں کیونکہ متحدہ عرب امارات کی نجی ایئرلائنز وہ پہلی فضائی کمپنی ہے جس نے مقبوضہ کشمیر سے دارالحکومت سرینگر سے شارجہ کے لیے فضائی سروس کا آغاز کیا ہے اور جلد ہی یہ سروس جموں اور لیہہ سے بھی شروع کردی جائے گی ۔
کشمیری رہنما اماراتی ایئرلائنز کے پروازیں شروع کرنے کوکشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کی کڑی قرار دے رہے ہیں جبکہ پاکستان نے مسلسل خاموشی کو معنی خیز رنگ دیئے جارہے ہیں ۔ اب یواے ای کی فضائی کمپنی کی جانب سے پاکستانی حدود استعمال کرنے کی اجازت اور پھر بھارتی وزیراعظم کے طیارے کو دی گئی اجازت نے سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔