بھارت کو پاکستان کے راستے افغانستان گندم بھجوانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) بھارت پاکستان کے راستے افغانستان کو گندم بھجوائے گا ۔ وزیراعظم عمران خان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پربھارت کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔ بھارت افغانستان کو پاکستان کے راستے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گا ۔ اس کے علاوہ علاج معالجے کے لیے بھارت میں پھنسے ہوئے افغانیوں کو بھی پاکستان کے راستے وطن واپسی کی اجازت دی گئی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے لیے خصوصی طور پر قائم کیے گئے بین الوزارتی رابطہ سیل کا دورہ کیا اور افغانستان کے لیے بنائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ پاکستان نے افغانستان کے لیے 5 ارب روپے کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے ۔ جس کے تحت 50 ہزار میٹرک ٹن گندم ، ادویات اور میڈیکل کے سامان کے ساتھ سردیوں کا سامان بھی شامل ہے ۔
افغانستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے پاکستان نے اہم درآمدات پر سیل ٹیکس میں کمی کی منظوری دی اور کہا کہ پاکستان کی سرحدوں سے داخل ہونے والے تمام افغانیوں کے لیے مفت ویکسی نیشن جاری رہے گی ۔ اسی طرح افغانیوں کی سہولت کے لیے پاکستانی ویزا کے حصول کو آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ تین ہفتے کے اندر ویزا جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف کو افغانستان کا دورہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے پشاور سے جلال آباد بس سروس کی بحالی کی ہدایت کی اور کہا کہ پاک افغان سرحدوں پر تعینات اہلکاروں کی استعداد کار بڑھائی جائے اور سرحدوں کی صوابدیدی بندش نہ کیا جائے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More