ترکی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث حکومت ایک بار پھر ویک اینڈ پر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
کل ترک کابینہ کا ایک اہم اجلاس بلایا گیا ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر صحت کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے کل ہونے والے اجلاس میں جمعہ کی رات آٹھ بجے سے ہفتے کے صبح دس بجے تک دوبارہ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اسی طرح ہفتہ اور اتوار کی شب بھی کرفیو نافذ رہے گا۔
ایسے شہر جہاں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں حکومت وہاں ہفتے کے عام دنوں میں بھی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
حکومت 65 سال سے زائد اور 20 سال سے کم عمر کے افراد کے باہر جانے کے لئے دن میں تین گھنٹے کا وقت دے گی۔ ان اوقات کے علاوہ ان افراد کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی رہے گی۔