اسلام آباد(پاک ترک نیوز) چیئرمین عمران خان کی کال پر پاکستان تحریک انصاف آج مہنگائی کیخلاف احتجاج کرے گی ۔
سابق وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عوام امپورٹڈ حکومت کی انسان کش پالیسیوں اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف بعد نماز جمعہ باہر نکلیں اور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ کر کے ایک لیٹر پر 60 روپے بڑھا دیے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ہماری حکومت نے کورونا کے دباؤ کا مقابلہ کیا اور 1200 بلین روپے کا معاشی پیکیج دیا، اس سال صرف ہم نے سیلز ٹیکس کو صفر فیصد تک کم کیا اور اس کے علاوہ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے 466 بلین روپے کی توانائی کی سبسڈی فراہم کی، ہمارے لیے ترجیح ہمیشہ ہمارے لوگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 30/30 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکومتی اعلان کے تحت شب 12 بجے کے بعد سے پیٹرول کی نئی قیمت 209.30 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی جب کہ ڈیزل 30 روپے اضافے سے 204 فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔
حکومتی فیصلے کے تحت لائٹ ڈیزل 178 روپے کا ہو جائے گا جب کہ کیروسین کی قیمت بڑھ کر 181.94 پیسے ہو جائے گی۔