تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا

لاہور(پاک ترک نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ محمد سعد رضوی کورہا کردیاگیا۔
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ محمد سعد حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا۔
ترجمان ٹی ایل پی کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کو 11 اپریل کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، کارکنان کی بہت بڑی تعداد جامع مسجد رحمۃ اللعالمین پہنچ گئی۔

تحریک لبیک نے حکومت کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے لیے 20 اپریل تک کا وقت دیا تھا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ملک گیر مظاہروں اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تحریک لبیک کی جانب سے ممکنہ مظاہروں کو مدنظر رکھتے ہوئے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 11 اپریل کو سعد رضوی کو حراست لیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس نے بعدازاں پر تشدد صورت اختیار کرلی تھی جس کے پیشِ نظر حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کردی تھی۔
گزشتہ ماہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ٹی ایل پی کے سیکڑوں کارکنوں کے خلاف درج مقدمات ختم کئے گئے، ٹی ایل پی پر سے پابندی ہٹائی گئی جب کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے سعد رضوی سمیت ٹی ایل پی کے کئی رہنماؤں کے نام فورتھ شیڈول کی لسٹ سے بھی نکالے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More