ترکی اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارت کے 10 معاہدے طے پا گئے ہیں۔
قطر کے امیر شیخ تمیم حمد الثانی اور صدر رجب طیب ایردوان نے معاہدوں کو حتمی شکل دی۔ دونوں ملکوں کی مختلف وزارتوں نے ان معاہدوں پر دستخط کئے۔
قطر نے استنبول اسٹاک مارکیٹ کے 10 فیصد حصص کی خریداری کا ایک معاہدہ کیا۔ اس کے ساتھ استنبول کے ایک بڑے شاپنگ سینٹر استنے پارک کے 42 فیصد حصص کی فروخت کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔
ترکی اور قطر نے "میڈ ان استنبول گولڈن ہارن پروجیکٹ” میں بھی مشترکہ سرمایہ کاری کا ایک معاہدہ کیا۔
قطر نے ترکی کے "مڈل ایسٹ انتطالیہ پورٹ آپریٹرز کے حصص کی خریداری کا ایک معاہدہ کیا جس کے بعد اس بندرگاہ کا انتظام ترکی کی گلوبل پورٹس سے قطر ٹرمینلز کو منتقل ہو جائے گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان ایک مشترکہ تجارتی کمیشن بنانے کا بھی معاہدہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ترکی اور قطر کے درمیان واٹر ایڈمنسٹریشن، معاشی اور مالیاتی تعاون بڑھانے اور سماجی خدمات کے شعبوں میں بھی مختلف معاہدے طے پا گئے ہیں۔
دونوں ملکوں کے سفارتکاروں کے تبادلے کے ایک پروگرام کو بھی معاہدے کی شکل دی گئی ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ قطر کے امیر کے ساتھ مختلف معاملات پر اہم اور مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ترکی اور قطر کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارہ ہے۔
قطر کی شوریٰ کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک معاملات کو مزید بہتر بنایا جائے گا
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو اور قطر کے وزیر خارجہ نے چھٹے سپریم کمیٹی کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیئے پر دستخط کئے۔
واضح رہے کہ قطر کے امیر شیخ تمیم الثانی کل دو روزہ دورے پر ترکی پہنچے تھے جہاں ان کی انقرہ کے صدارتی محل میں صدر ایردوان سے ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی۔
سابقہ پوسٹ