ترکی میں جعلی شراب تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا۔ ترک سیکیورٹی فورسز نے دارالحکومت انقرہ، جنوب مشرقی علاقے دیار باکر، برسہ اور وسط کیزری میں مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 36 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں جعلی شراب کا دھندہ کرنے والے گروہ کا سرغنہ بھی پکڑا گیا۔
نئے سال کی آمد پر مختلف تقریبات میں جعلی شراب فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے مختلف گروہوں کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
یہ آپریشن میتھائل الکوحل، ایتھائل الکوحل اور جعلی شراب بنانے اور فروخٹ کرنے والوں کے خلاف کیا گیا ہے۔
ترک سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبہ ازمیر میں بھی سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران پولیس نے 20 ہزار 550 لیٹر جعلی شراب برآمد کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جعلی شراب تیار کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ابھی مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔