ترکی سے یونان جانیوالے 400 تارکین وطن کی کشتی سمندر میں خراب

ایتھنز(پاک ترک نیوز) ترکی سے یونان جانے والے 400 تارکین وطن کی سمندر میں کشتی خراب ہوگئی ۔ یونان کے جزیرہ کوس کے قریب فنی خرابی کے باعث کشتی خراب ہوکر کھلے سمندر میں رک گئی ۔ یونان کی بحریہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کشتی کو ریسکیو کیا اور 400 تارکین وطن کی جان بچالی ۔ ان میں زیادہ تعداد پاکستانی ،بنگلادیشی اور افغان باشندوں کی ہے ۔
یونانی حکام کے مطابق کشتی میں چالیس فیصد سے زائد بچے موجود تھے ۔ ان سب کو یونان میں لاکر طبی امداد اور خوراک دی گئی ۔حکام کا کہنا ہے کہ کم عمربچوں کویونان سے بے دخل نہیں کیا جائے گااور اس معاملے کو یورپی یونین میں اٹھایا جائے گا جبکہ محفوظ ممالک سے تعلق رکھنے والے باقی افراد کوڈی پورٹ کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کا شمار محفوظ ممالک میں کیا جاتا ہے ۔


یونان نے غیرقانونی تارکین وطن کولانے والی کشتی کی واپسی کے لیے ترک حکام سے بات چیت کی ہے جنہوں نے اسے واپس لینے سے انکار کردیا ہے ۔یونانی بحریہ ہرسال ترکی کے راستے یونان میں داخل ہونے والے ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن کو ریسکیو کرچکی ہے ۔
آپ کو بتادیں کہ ایجنٹ مافیا کے دکھائے سنہری مستقبل کے خواب دیکھ کر پاکستانی ،ایران کے راستے غیرقانونی طور پرترکی داخل ہوتے ہیں اور پھر وہاں سے غیرقانونی طور پر یونان میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ یورپ پہنچ سکیں ۔ ان میں بڑی تعداد ایران کے سرحدی علاقے اور یونان میں داخلے کے وقت ماری جاتی ہے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More