استنبول(پاک ترک نیوز)
ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس تنظیم ایم آئی ٹی نے ترک اسرائیلی کاروباری شخصیت کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ایرانی نیٹ ورک کو پکڑ لیا۔استنبول میں مقیم ترک اسرائیلی ٹائیکون گیلر ڈیفنس انڈسٹری میں ایک بڑے سرمایہ کار ہیں۔
ایم آئی ٹی کی کاوٗنٹر انٹیلی جنس برانچ کو پتہ چلا کہ ایرانی خفیہ ایجنسی نے گیلر کو قتل کرنے کیلئے ترک باشندوں پر مشتمل ایک نیٹ ورک تشکیل دیا ۔ ایران گیلر کو قتل کرکے ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخریزادہ کا بدلہ لینا چاہتاتھا۔
ایرانی نیٹ ورک ایک عرصہ سے گیلر کا تعاقب کر رہا تھا ۔ انکے پاس گیلر کے دفتر ، رہائش گاہ سمیت کئی جگہ کی تصویریں تھیں، لیکن ترک اہلکار بھی نیٹ ورک کی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
مکمل معلومات اکٹھی کرنے کے بعد ایم آئی ٹی نے موساد کے ساتھ رابطہ کرکے ایرانی نیٹ ورک کی سازش کے بارے میں مطلع کیا۔ اسرائیلی اور ترک حکام کی باہمی مشاورت سے گیلر کو ایک سیف ہاوس میں منتقل کیاگیا کیوں کہ گیلر نے استنبول چھوڑ کراسرائیل جانے سے انکا ر کردیا تھا۔
آپریشن کے اگلے مرحلے میں ترک سیکیورٹی فورسز نے نیٹ ورک کے تمام ترک ارکان کو گرفتار کرلیا، صرف ایک ایرانی شخص جو ایران سے گروپ کو گائڈ کر رہا تھا ، حکام کی گرفت سے باہر رہا۔
اس سے قبل ایم آئی ٹی نے اسرائیل اور روس کے جاسوسی نیٹ ورکس کو بی پکڑا تھا۔
گزشتہ برس بھی ایرانی جاسوسوں کی ایک ٹیم کو ترکی میں پکڑ لیا گیا جو سابق ایرانی فوجی اہلکار کو اغوا کرنے کی سازش کر رہی تھی۔