اسلام آباد(پاک ترک نیوز) ترکی کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سیلکوک بائراکتاروگلو نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کے مسائل سمیت افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ فوجی تعلقات اور تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی سدا بہار دوست ہونے کے ناطے گہرے تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے ڈپٹی چیف آف ترک جنرل سٹاف کے حالیہ دورہ کو دونوں مسلح افواج کے درمیان کثیر جہتی اور طویل المدتی تعاون کا مظہر قرار دیا۔
معزز مہمان نے خطے میں امن خصوصاً افغان امن عمل میں پاکستان کی مسلح افواج کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔