جدہ(پاک ترک نیوز)
ترک صدر رجب طیب اردوان سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر گزشتہ روز جدہ پہنچے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔
صدر اردوان نے کہا کہ ہم خادم الحرمین الشریفین کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہےہیں۔ ٹوئٹر پر انہوں نےکہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، عسکری اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔
اردوان نےکہا کہ سعودی عرب کے ساتھ صحت، توانائی ، خوراک، زرعی ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور مالیات کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ بالخصوص صاف توانائی کی ٹیکنالوجی میں تعاون کی صلاحیت موجود ہے۔
اردوان نے کہا کہ ترکی خلیجی خطے کی سلامتی اور استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ہم ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہیں اور خلیجی ممالک کے ساتھ انسداد دہشتگردی میں تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
انہوںنے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو اس سطح پر لے جائیں گے جو پہلے تھے۔
صدر اردوان کو جدہ پہنچنے پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے انکے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا اسکے بعد دونوں رہنماوں کے درمیان بند کمرے میں ملاقات ہوئی۔اردگان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔