ترک صدر کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحالی کا عندیہ

انقرہ(پاک ترک نیوز) ترکی کے صدر صدر طیب اردوان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا عندیہ دیدیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسرائیلی صدر ایزاک ہرزوگ جلد ترکی کا دورہ کرسکتے ہیں۔
سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ ترکی کے دورے پر پہنچے جہاں ان کے ہم منصب نے پُرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران ملاقات درجنوں معاہدے بھی طے پائے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں ترک صدر نے انکشاف کیا کہ اس وقت اسرائیلی صدر ہرزوگ کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ ترکی کا دورہ کریں۔
رجب طیب ادوان نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ بھی ترکی کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر مثبت موقف رکھتے ہیں اور ترکی کا ہدف بھی مثبت سوچ کے ساتھ کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحیثیت سیاست دان ہم لڑائی جھگڑے نہیں بلکہ امن کا رجحان رکھتے ہیں۔ اگر خطے میں قیام امن کے لیے ’’پیٹرول‘‘ وسیلہ بن سکتا ہے تو ہم اسے استعمال کریں گے۔
تاہم انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر پٹرول امن کا وسیلہ نہیں بنتا تو ہر ملک اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے، سب کی اپنی ترجیح ہوتی ہے لیکن یہ بھی بتا دیں کہ ہم نے ڈرلنگ اور بحری جہاز بے وجہ نہیں خریدے۔
ترک صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے بحیرہ روم کی متنازع گیس پائپ لائن کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے اور ترکی کے پاس دوسرا آپشن نہیں بچا ہے۔
اسرائیل اور ترکی کے درمیان تعلقات 2010 میں منقطع ہوگئے تھے جب غزہ کی پٹی میں جانے والے ترکی کے چھوٹے بحری بیڑے پر اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا تھا جس میں 10 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More