ترگت اور بامسی کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی بھا گئی

کراچی(پاک ترک نیوز) مشہور ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل‘ کے کردار ترگت الپ اور بامسی بے کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے معترف ہو گئے ہیں۔
ارطغرل ڈرامہ کے کنگیز کوسکن المعروف ترگت الپ اور نورتین سونمیز المعروف بامسی بے نے کراچی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے۔ ترجمان ایس ایس یو کے مطابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی مقصود احمد نے ترک اداکاروں کا استقبال کیا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی طرف سے دی گئی پرتپاک مہمان نوازی پر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ ترک اداکاروں نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یو کی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اورانتظامات کی تعریف کی، ڈی آئی جی مقصود احمد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں خصوصی (ایس ڈبلیو اے ٹی) ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں، یہ ٹیم کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔
اداکاروں نے ایس ایس یو کے سیکیورٹی ،انتظامی اور انسداد دہشت گردی امور میں پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ۔
دورے کے دوران ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسزڈویژن نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں اور ان کی آمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More