تین لاکھ 13ہزار عازمین نےروضہ رسول ﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کر لی

مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز)
دنیا کے مختلف ممالک کے تین لاکھ 13 ہزار عازمین حج مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ رسولﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ اعداد وشمار کے مطابق ’ مختلف ملکوں کے دو لاکھ 52 ہزار140 عازمین مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور60 ہزار 731 بری راستوں سے الھجرۃ استقبالیہ سینٹر پہنچے ہیں۔
جبکہ مدینہ منورہ میں اپنے قیام کے دن پورے ہونے کے بعد دو لاکھ 21 ہزار267 عازمین مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جا چکے ہیں۔ اور مدینہ منورہ میںاس وقت موجود مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی تعداد 91 ہزار 689 ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس 10 لاکھ مقامی اور غیرملکی عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔ سعودی حکام نے تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔
مزید براں وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا ہےکہ مدینہ منورہ میں حکام عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی کےلیے چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں۔ اور اس سال جدید خطوط پر تیار کئے گئے عملی منصوبے کے تحت اس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ مدینہ منورہ میں بیک وقت ایک سے سوا لاکھ سے زائد عازمین حج یاحجاج موجود نہ ہوں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More