جاپان کے سابق وزیراعظم شنزوابے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ،حالت تشویشناک

ٹوکیو(پاک ترک نیوز) جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ابے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئےشنزوابے کو ہسپتال منتل کردیا گیا، سابق جاپانی وزیراعظم کی تشویشناک حالت بتائی جا رہی ہے ۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شنزو ابے پر حملے کے فوری بعد ایک مشکوک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق جاپانی وزیراعظم شنزوابے کو مغربی شہر نارا میں انتخابی مہم کی تقریر کے دوران گولی ماری گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔
حکومت نے کہا ہے کہ واقعہ کی جانچ پڑتال کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی جاچکی ہے جبکہ اعلیٰ حکام جلد میڈیا کو سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے۔
جاپان کے سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے شنزو ابے 2006 میں پہلی مرتبہ ایک سال کیلئے جبکہ 2012 سے 2020 کے طویل دورانیے تک دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوئے تاہم ناسازی صحت کے باعث وہ عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ابے پر قاتلانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات اہلخانہ اور جاپانی عوام کے ساتھ ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More