جدہ (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کے اہم ساحلی شہر جدہ میں بے ترتیب پرانی عمارتوں کے انہدام کے دورن ایک زیر زمین قلعے کا پتہ لگایا گیا ہے جو 500 سال سے زیادہ قدیم بتایا جا رہا ہے۔
دریافت ہونے والے اس قلعہ کو الشونہ کے نام سے شناخت کیا گیا ہے جو کہ 1516 میں جدہ کے ساحل کی حفاظت کے لئے بنایا گیاتھا۔ یہ قلعہ شہر کی بے ترتیب عمارتوں کے انہدام کے دوران دریافت کیا گیاہے جو قابیل سٹریٹ کے قریب اور بلاد کے علاقے میں الذہاب سٹریٹ کے ساتھ واقع ہے، جو جدہ کے تاریخی روایتی بازاروں میں سے ایک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاری کھدائی اور مسماری کا کام جدہ شہر سے وابستہ بہت سے تاریخی اور آثار قدیمہ کے خزانوں کی دریافت کا باعث بن سکتا ہے۔ کیونکہ جدہ کا تاریخی تعلق 3,000 سال پہلے پروان چڑھنے والی تہذیبوں سے بھی جوڑا جاتا ہےجو بعد میں بحیرہ احمر کے ساحل پر ایک بڑی بندرگاہ کے طور پر ابھرا ہے۔