اسلام آباد:(پاک ترک نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وزارت داخلہ کے مطابق 17،18،19دسمبرکواسلام آبادبھرمیں موبائل فون سروس بندہوگی، وزارت داخلہ نےپی ٹی اےکوموبائل فون سروس بندکرنےکاحکم جاری کردیا ہے۔20دسمبرکواسلام آبادمیں عام تعطیل دینےکی سفارش بھی کردی ۔ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ چھٹی کامقصدوی آئی پی موومنٹ کےدوران فول پروف سکیورٹی کوممکن بناناہے۔
کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک نے شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے،کانفرنس کا مقصد افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث کرنا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون برائے مشرق وسطیٰ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود 18 دسمبر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے افغانستان میں جاری بحران سے متعلق اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس 19 دسمبر کو منعقد کی جائے گی۔او آئی سی کا 17واں وزرا خارجہ کا خصوصی اجلاس سعودی عرب کی دعوت پر بلایا جارہا ہے اور اس کی میزبانی پاکستان 19 دسمبر کو کرے گا۔
اس اجلاس میں افغانستان میں جاری انسانی بحران اور عنقریب قحط کی صورتحال جیسے معاملات زیر بحث آئیں گے۔ اقوام متحدہ کے مطابق، تقریباً دو کروڑ تیس لاکھ افغان آخری درجے کے فاقوں سے دوچار ہوسکتے ہیں۔