تہران(پاک ترک نیوز)
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے دورہ ایران کے آخری مرحلے میں وفد کے ہمراہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے جس میں خطے میں سیکورٹی کے امور اورافغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر رئیسی نے دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں کی سیکورٹی کے حالات کو بہتر بنانے میں پاکستانی حکومت اور فوج کے تعاون کو سراہا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان خوشگوار تعلقات دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں پر مناسب سیکورٹی حالات کی فراہمی کا باعث بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ضروری ہے کہ طالبان افغانستان میں ایک ہمہ گیر حکومت قائم کریں جس میں تمام افغان قبائل اور گروہ شامل ہوں۔ تاکہ اس ملک میں امن و استحکام بحال ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل ندیم رضاکہا کہ وہ ہمیشہ سے یقین رکھتے ہیں کہ ایران پاکستان دوستی بہت گہری ہے۔اور فلسطین و کشمیر سمیت تمام علاقائی و بین الاقوامی امور میں ہمارا موقف ہمیشہ ایک رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ کے دوران ایران کے پاکستانی حکام کے متعدد دورے ایران کے ساتھ جامع تعلقات کو وسعت دینے کی ہماری خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔