دہشت گردوں کو ترکی میں ترقی کا راستہ روکنے نہیں دیں گے، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ دہشت گرد، شرپسند عناصر اور ان کی حمایت کرنے والی سیاسی جماعتیں جتنا مرضی زور لگا لیں ترکی میں ترقی کا راستہ نہیں رک سکتیں۔

حکومت اپنے ترقیاتی منصوبوں کو ہر قیمت پر مقررہ وقت میں مکمل کرے گی۔ انہوں نے یہ بات جنوب مشرقی ترکی میں ایک پُل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے یہ خطاب انقرہ کے صدارتی محل سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیا۔

صدر  ایردوان نے کہا کہ جہاں کہیں حکومت سڑک بناتی ہے، دہشت گرد یہاں کام کرنے والے مزدوروں کو قتل کر دیتے ہیں۔ جہاں کہیں ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں دہشت گرد کنٹریکٹرز کو دھمکیاں دینا شروع کر دیتے ہیں۔ ایئر پورٹ کی تعمیر پر دہشت گردوں کی حامی سیاسی جماعتیں کرپشن کا الزام لگانا شروع کر دیتی ہیں۔ حکومت جہاں کہیں اسکول تعمیر کرتی ہے دہشت گرد اسکول کے اساتذہ کو قتل کر دیتے ہیں۔

جب بھی حکومت کوئی لائبریری، کھیلوں کی سہولت یا یوتھ سینٹر بناتی ہے تو دہشت گرد ان کو آگ لگا کر تباہ کر دیتے ہیں۔ دہشت گرد ترکی میں آنے والے سرمایہ کاروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔ کچھ شرپسند عناصر میونسپلٹی کی گاڑیوں کو سڑکوں پر لا کر انہیں بلاک کر رہے ہیں۔ یہ گاڑیاں ٹیکس ادا کرنے والوں کی امانت ہے۔ حکومت کسی طور پر بھی ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم پی کے کے، اس کی حمایت کرنے والی سیاسی جماعتوں اور دیگر شرپسند عناصر کی کارروائیوں کے باوجود مشرقی اور مغربی ترکی میں ترقیاتی منصوبے ساتھ ساتھ جاری رہیں گے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے 19 سالہ دور حکومت میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری کی گئی۔ ان 19 سالوں میں ترکی نے جو ترقی کی ہے اس کی مثال ملکی تاریخ میں کہیں نہیں ملے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More