آذربائیجان اور پاکستان میں تجارت بڑھانے سے متعلق ایک اہم اجلاس آج منعقد ہوا۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ اور آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر بلال حئی نے اجلاس کی صدارت کی۔
آذربائیجانی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ملکوں میں کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں کافی بہتری آئی ہے۔
اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے نجی شعبے سمیت اعلیٰ سرکاری اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
آذربائیجان اور پاکستان کی وزارت تجارت سمیت دیگر اہم وزارتوں کے اعلیٰ عہدیدار اور نجی شعبے سے 90 افراد بھی اجلاس میں موجود تھے۔
آذربائیجان کے سفیر نے بتایا کہ حال ہی میں آرمینیا کے تسلط سے آزاد کروائے گئے کاراباخ کی تعمیر نو کے لئے پاکستان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان کی سرکاری کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے ڈائریکٹر جنرل نے حال ہی میں باکو کا دورہ کیا اور کاراباخ کی تعمیر نو میں اپنی خدمات پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ کاراباخ کی تعمیر نو کے لئے برادر دوست ملک پاکستان کے اداروں کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا میں کمی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی سروس شروع کر دی جائے گی۔
پاکستانی سفیر بلال حئی نے اجلاس کو بتایا کہ دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان "بزنس ٹو بزنس” ملاقات کا یہ بہترین فورم ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا تھمنے کے بعد دونوں ملکوں کے تجارتی وفود ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے جس سے کاروبار کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔
بلال حئی نے کہا کہ برادر اسلامی ملک آذربائیجان کے ساتھ تجارت کو بڑھایا جائے گا اور عوامی رابطوں میں تیزی لائی جائے گی۔ دونوں ملک تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دے سکتے ہیں۔