رانا ثناء اللہ کی منشیات کیس میں بریت کی درخواست

لاہور(پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے منشیات سمگلنگ کیس میں بریت کیلئے درخواست دائر کردی۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ انسداد منشیات کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے اپنے وکیل کے توسط سے کیس میں بریت کی درخواست دائر کی۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے مجھ پر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا لہٰذا بری کیا جائے ۔
دوران سماعت وفاقی وزیر داخلہ کے وکیل فرہادشاہ ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ منشیات برآمد کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز احمد الزامات کی تردیدکررہے ہیں اور انسپکٹر احسان اعظم بھی تردید کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کے وکیل کے مؤقف پر سرکاری وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کو پابند کریں کہ آج ہی بحث کریں جس پر وکیل رانا ثناء اللہ نے مؤقف اپنایا کہ درخواست تو دائر کرنے دیں۔
بعد ازاں عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے دوپہر 2 بجے کا وقت مقرر کر دیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More