اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ نیازی اور رہنما حامد زمان کو حفاظتی تحویل میں لئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو ضابطے کی کارروائی پوری کر کے انہیں گرفتار بھی کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر داخلہ نے تصدیق کی کہ فارن فنڈنگ کیس میں پیش نہ ہونے پر پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما افتخار درانی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے اغوا کر لیا گیا ہے، جبکہ پہلے بھی ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا اور ذاتی سامان تحویل میں لیا گیا تھا۔
تاہم ایف آئی اےنے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے دعوے کی تردید کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا۔
اس حوالے سے گذشتہ شب ترجمان ایف آئی اے کے بیان میں بتایا گیا کہ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی سینیٹ کے احاطے سے ایف آئی اے کی جانب سے گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی ایف آئی اے سختی سے ترید کرتا ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی رہنما حامد زمان کو لاہور سے گرفتار کرنے کی تصدیق کی۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہےکہ ملک میں اتنی بڑی فسطائیت کبھی نازل نہیں ہوئی، اس سے زیادہ توہین پارلیمنٹ کی ہو نہیں سکتی، چیئرمین سینیٹ کم از کم غیرت کا مظاہرہ کریں اور اس عمل کا نوٹس لیں۔