انقرہ(پاک ترک نیوز)
روسی تیل کی قیمت پر امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے حد مقرر کئے جانے کے بعدتیل سے لدا پہلا روسی آئل ٹینکر آج تیل بردار چار دیگر جہازوں کے ہمراہ آبنائے باسفورس کو عبور کرے گا۔
ترکی کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کوسٹل سیفٹی نے ٹوئیٹر پر بتایا ہےکہ باسفورس کے قریب خام تیل کے ساتھ صرف روسی ٹینکر پیر کو آبنائے میں داخل ہوگا۔
ترکی کے علاقائی پانیوں میں ٹھہرے ہوئے تیل سے بھرے روسی آئل ٹینکر نے ایک خط پیش کیا ہے جس میں اس کی انشورنس کوریج کی تصدیق کی گئی ہے اور کل وہ باسفورس میں داخل ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ کوئی اور روسی تیل بردار ٹینکرز نہیں ہیں جو آبنائے سے گزرنے کے لیے پرمٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق مجموعی طور پر 475 ٹن تیل سے لدے چار غیر ملکی ٹینکرز کو انشورنس دستاویزات پیش کرنے کے بعد 12 دسمبر کو بحیرہ اسود سے باسفورس میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ ان چار ٹینکرز نے متعلقہ دستاویزات پیش کی ہیں اور ان کےپیر کے روز آبنائے سے گزرنے کی توقع ہے۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، یکم دسمبر کو ترکی کی جانب سے آبنائے سے گزرنے کے لیے خام تیل لے جانے والے ٹینکروں کے لیے اضافی انشورنس کی شرائط عائد کیے جانے کے بعد 24 میں سے آٹھ جہازوں نے ان شرائط کوپورا کیا ہے اور بحیرہ اسود سے باسفورس کے راستے گزر چکے ہیں۔ بارہ ٹینکرز نے مطلوبہ دستاویزات تاحال پیش نہیں کیں۔ بحیرہ مرمرہ میں موجود چار ٹینکرز نے بھی دستاویزات پیش کی ہیں اور وہ بحیرہ ایجین میں داخل ہو گئے ہیں۔جبکہ فی الحال ایک ٹینکر جس نے ضروری دستاویزات پیش نہیں کیں وہ وہیں ٹھہرا ہوا ہے۔