اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں گیم چینجر کا کردار ادا کرنے کے بعد آصف زرداری اچانک دبئی چلے گئے ۔ جس کے بعد سے ہرطرف چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں اورٹویٹر پر دبئی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ۔ اسے آصف زرداری کے فرار اور کسی نئے سیاسی گیم پلان کا حصہ قرار دیا جارہا ہے لیکن آصف زرداری کی دبئی روانگی پر وہاں مقیم ان کی بیٹی بختاور بھٹو اور پھر شیخ رشید نے ٹویٹس کیے اور دونوں نے ایک ہی وجہ بتائی ہے کہ زرداری دبئی کیوں گئے ؟
شیخ رشید نے پہلے تو پنجاب میں نئی بھاری بھرکم کابینہ بننے پر تنقید کی کہ بائیس کروڑ عوام بھوک سے مررہے ہیں اور یہ اکتالیس وزرا ، مشیروں اور معاونین کی کابینہ تشکیل دے رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کا معاملہ ابھی عدالت میں زیرسماعت ہے ۔ اس کے بعد شیخ رشید نے کہا کہ آسف زرداری دبئی سالگرہ منانے گئے ہیں ۔
آصف زرداری کی دبئی روانگی پر ان کی بڑی بیٹی بختاور بھٹو زرداری نے ٹویٹ کیا کہ اگر وہ جیل کے 11 سے زائد سال نہیں بھاگے تو اب کیوں بھاگیں گے؟ انہیں ہر دور حکومت میں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑا جس میں ہمارے ڈکٹیٹر منتخب ہوئے لیکن کبھی بھاگے نہیں ۔ اس کے بعد بختاور بھٹو زرداری نے لکھا کہ آصف زرداری کی سالگرہ ہے اور وہ سالگرہ ایک نانا کے طور پر یہاں اپنے نواسے کے ساتھ گزارنے آئے ہیں۔