سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ترکی کے چار روزہ سرکاری دورے کے دوران ترکی کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان اور ترکی بالخصوص دونوں فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے ترکی کے قومی دفاع کے وزیر ہولوسی آکار اور چیف آف ترکش جنرل سٹاف، جنرل یاسر گلر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں سربراہ پاک فضائیہ نے ترکی کے ساتھ دو طرفہ استعداد کار میں بہتری کے لئے دفاعی پیداوار، سلامتی اور تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کمانڈر ترک فضائیہ، جنرل حسن کوکوکاکیوزسے بھی ملاقات کی۔دونوں سربراہان نے دورِ حاضر کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے دونوں برادر ممالک کی فضائیہ کے مابین باہمی تعاون بڑھانے اور ایک دوسرے کی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ان میں پاک فضائیہ کی ترکی میں اینا تولین ایگل مشقوں میں شمولیت، پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام مختلف مشقوں میں ترک فضائیہ کی شرکت، پائلٹس کی تربیت کے تبادلے اور دفاعی پیداوار میں تعاون شامل ہیں۔