کراچی (پاک ترک نیوز) سری لنکن خواتین ٹیم سترہ برس بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن خواتین ٹیم تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، جہاں وہ قومی ویمنز ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلے گی۔
کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا، جہاں مہمان ٹیم کےکھلاڑیوں اورآفیشلز کےکووڈ ٹیسٹ لئے جائیں گے، کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد
پاکستان اورسری لنکن ویمنز ٹیم21مئی سےساؤتھ اینڈ کلب میں ٹریننگ کرینگی۔
Have a safe journey, we look forward to welcoming you in Karachi https://t.co/xLl3YLWlV7
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 19, 2022
دورے کے آغاز پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی جس کا آغاز چوبیس مئی سے کراچی میں ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کےبعد ون ڈے سیریز بھی کراچی میں شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ سال دوہزار پانچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکن ویمنز ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے اس سے قبل وہ ایشیا کپ کیلئے کراچی آئی تھی۔
گذشتہ روز سری لنکا کےخلاف وائٹ بال سیریز کے لیےقومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے گل فیروزہ اور لاہور سے صدف شمس کو پندرہ رکنی قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز باالترتیب چوبیس، چھبیس اور اٹھائیس مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز یکم جون کو ہوگا، دوسرا ون ڈے تین جون جبکہ پانچ جون کو تیسرا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا، یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔