تل ابیب : اسرائیل کے وزیر انٹلی جنس ایلی کوہین نے کہا ہے کہ تین عرب اور ایک افریقی ملک جلد ہی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر لیں گے۔
اسرائیلی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین عرب ممالک سعودی عرب، قطر اور عمان اور ایک افریقی ملک نائیجر اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے حتمی معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ سوڈان کا تاریخی دورہ کیا تھا اور اس سے پہلے مصر بھی گیا تھا۔ اس دوران ایک اکنامک سیکیورٹی اجلاس میں مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔ایلی کوہین نے کہا کہ بہت جلد تینوں عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ افریقی ملک نائیجر میں اس وقت انتخابات ہو رہے ہیں۔ ایک امریکی نواز سیاسی رہنما کے انتخابات جیتنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ جیسے ہی نئی حکومت آئے گی وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ بدھ کو اسرائیلی ملٹری کے ایک ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا تھا کہ چار ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے ہیں تاہم انہوں نے ان ممالک نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
ستمبر 2020 میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کئے تھے۔ اس سال مراکش اور سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے۔