دمام (پاک ترک نیوز)
دمام میں رہائش پذیرخاندان اس وقت حیرت و پریشانی کا شکار ہوگیا جب انہیں پانی کا بل چار لاکھ ریال آیا۔
سعودی میڈیا کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ 4 لاکھ ریال بل کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔ گھر میں کوئی لیکیج بھی نہیں ہے۔۔ سعودی عرب میں پانی کی لاگت کے بارے میں ہمیں جو کچھ معلوم ہے اس سے اتنا بھاری بل میل نہیں کھاتا۔ نیشنل واٹر کمپنی سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ گھر کا معائنہ کرے اور دیکھے کہ اتنے بڑے بل کی وجہ کیا ہے۔کمپنی کے اہلکار ہمارے گھر آئے اور معائنہ کیا۔ انہیں کہیں بھی پانی کی لیکیج نظر نہیں آئی، البتہ معائنے کے بعد کمپنی نے پانی کا بل چار لاکھ سے گھٹا کر ڈھائی لاکھ ریال کردیا۔
سعودی خاتون فادیہ الفواز نے بتایا ہےکہ یہ بل جس گھر کا ہے وہ ایک منزلہ ہے۔ فیملی کے ممبران کی کل تعداد 7 ہے۔ اس بل سے فیملی کا ہر ممبر متاثر ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ پہلے بھی ہمارے ہاں بل آتے ہیں مگر کبھی بھی اتنا زیادہ بل نہیں آیا۔ ایک عرصے تک ہمارے نام سے کوئی بل نہیں آیا اور اچانک چار لاکھ ریال کا بل بھیج کر ہمارے اوپر بجلی گرا دی گئی۔
سعودی عرب میں عمومی طور پر ایک گھر کا پانی کا بل 400ریال کے لگ بھگ ہوتا ہے ۔ چنانچہ سات سال کے بعدموصول ہونے والے اس بل کی رقم زیادہ سے زیادہ 40 سے 50 ہزار ریال تک ہو سکتی تھی لیکن 4 لاکھ ریال کا بل بھیج کر تو کمپنی نے انتہا کردی ہے۔
سابقہ پوسٹ