جدہ- نئے سال کے پہلے مہینے جنوری میں ہی کرونا کیسز میں اضافے کے بعد سعودی حکومت نے سختی سے حفاظتی احکامات جاری کر دیے ہیں اور سعودی مملکت کے مختلف شہروں میں جزوی لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے۔
گزشتہ سال 2020 میں بھی فروری اور مارچ میں وبائی مرض کی ابتدائی دریافت کے بعد سے ہی سعودی حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں۔ جن میں عمرہ کی عارضی معطلی ، سفری پابندیاں ، علاقائی لاک ڈاؤن اور کرفیو شامل تھے۔ تاہم 21 جون 2020 کو ملک بھر میں لاک ڈاون ختم کردیا گیا تھا۔لیکن اس بار سعودی حکومت نے سختی کرتے ہوئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے اور ایسا نہ کرنے پر ایک ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا۔ اگر کوئی خلاف ورزی کو دہراتے ہیں تو جرمانہ دگنا ہوجائے گا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ شاپنگ مالز، دفاتر اور اداروں کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور انہیں دس ہزار سعودی ریال جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔