سلیمان شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیسز میں سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہزاد کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیسز کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو سلیمان شہباز پیش ہوئے۔ ان کے وکیل امجد پرویز نے ایف آئی اے لاہور کی عدالت میں سرنڈر کرنے کے لیے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی۔
درخواست گزار نے کہا کہ 2018 میں بیرون ملک گیا اور 2020 میں مقدمہ بنایا گیا اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا، عدالت نے اشتہاری قرار دینےکی کارروائی بھی غیرحاضری میں کی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکوں۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس عدالت میں پیش ہونا ہے؟ اس پر امجد پرویز نے بتایا کہ سپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔
عدالت نے سلیمان شہباز کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور سلیمان شہباز کو 14 روز میں لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More