شاہ رخ خان کے بیٹے آریان جیل سے رہا

ممبئی (پاک ترک نیوز) معروف اداکار شاہ رخ خان اور گوری خان کے بیٹے آریان خان جیل سے رہا ہوگئے۔
آریان خان کی رہائی کے موقع پر جیل کے باہر ان کے اور ان کے والد کے سیکڑوں مداح جمع ہوگئے جب کہ پولیس نے اس موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات بھی کر رکھے تھے۔جیل سے رہائی کے بعد آریان خان گاڑی میں ملازمین اور سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ ممبئی کے علاقے منت میں موجود اپنی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کا ہزاروں مداحوں نے استقبال کیا۔
جیل سے رہائی کی ویڈیوز میں آریان خان کو بظاہر صحت مند اور خوش دیکھا جا سکتا ہے ۔
یاد رہے کہ نارکوٹکس فورس نے تین اکتوبر کو دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ساحل سمندر پر کروز پارٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ان پر الزام تھا کہ ان کے پاس منشیات تھی اور وہ کروز میں ساتھیوں کے ہمراہ ڈرگ پارٹی منانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
آریان خان تین اکتوبر سے حراست میں تھے، ابتدائی طور پر وہ 14 دن تک نارکوٹکس فورس جب کہ بعد ازاں عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کیے گئے تھے۔
آریان خان کو ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست ضمانت منظور کیے جانے کے دو دن بعد 30 اکتوبر کی صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب ممبئی کے آرتھر جیل سے رہا کیا گیا۔
ممبئی ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو آریان خان سمیت ان کے ہمراہ گرفتار ہونے والی ادھیڑ عمر ماڈل منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کی ضمانت درخواست منظور کی تھی۔
تینوں افراد کی ضمانت منظور ہونے کے بعد 29 اکتوبر کو ان کی رہائی کے کاغذات تیار نہ ہوسکے تھے، جس وجہ سے انہیں 30 اکتوبر کو رہا کیا گیا۔
آریان خان کے ضمانتی مچلکے بولی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے جمع کروائے، کیوں کہ قانون کے مطابق ضمانتی مچلکے اور ضمانت خاندان کے علاوہ کسی دوسرے شخص کو دینی پڑتی ہے۔
آریان خان کی ضمانت کے حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے 29 اکتوبر کو اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ انہیں 14 شرائط ہر ضمانت دی گئی ہے۔
اخبار کے مطابق آریان خان کی رہائی سے متعلق انہیں اور ان کے وکلا کو بتایا گیا ہے کہ اگر ملزم نے 14 شرائط میں سے کسی بھی ایک شرط کو تسلیم نہ کیا یا ان پر عمل نہ کیا تو ان کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے انسداد منشیات فورس عدالت سے رجوع کر سکتی ہے۔
آریان خان کی ضمانت کے لیے میڈیا سے بات نہ کرنے، ساتھ میں گرفتار ہونے والے ساتھیوں سے رابطہ نہ رکھنے، انسداد منشیات فورس سے تفتیش کے لیے مکمل تعاون کرنے اور اپنا پاسپورٹ بھی نارکوٹکس فورس کے ہاں جمع کروانے کی شرائط رکھی گئی ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More