کولمبو (پاک ترک نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ٹی20 فارمیٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا ۔ قومی آل رائونڈر ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 12ہزار رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ۔شعیب ملک نے لنکن پریمئیر لیگ میں جافنا کنگز کے لیے کھیلتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے یہ سنگ میل اپنے 485 ویں ٹی20 میچ میں حاصل کیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ٹی20 فارمیٹ میں 12 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں
شعیب ملک 2005 سے ٹی20 کرکٹ کھیل رہے ہیں، انہوں نیشنل ٹی20 کپ میں سیالکوٹ اسٹالینز کی قیادت کے فرائض نبھائے جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)، بگ بیش لیگ (بی بی ایل)، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، انگلینڈ کی ٹی20 بلاسٹ اور گلوبل ٹی20 لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔
قومی آل رائونڈر نے سال 2007کے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی اور 2009میں فاتح ٹیم کا حصہ رہے، انہوں نے 124 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 ہزار 435 رنز بنائے اور 28 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی آل رائونڈر شعیب ملک کا فی الحال مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ اب بھی پاکستان ٹیم کے لیے کھیلنے کی امید رکھتے ہیں۔