نیویارک (پاک ترک نیوز) کرئہ ارض کو اسکی جانب آنے والے شہابیوں سے بچانےکے لئے امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنی نوعیت کےپہلےمنصوبےکا آغاز کر دیا ہے ۔اس منصوبے کوڈبل ایسٹرائڈ ریڈائریکشن ٹیسٹ( ڈارٹ) کا کا نام دیاگیا ہے۔
ناسا کی جانب سے اس منصوبے پرکام کا آغاز کرتے ہوئےگذشتہ روز کیلیفورینا میں امریکی اسپیس فورس کے وینڈن برگ بیس سے ایک اسپیس ایکس فیلکن 9 راکٹ کی مدد سے ڈارٹ کو زمین ہی کی طرح سورج کے گرد گھومنے والے ایک شہابیے کی جانب روانہ کر دیا گیا۔اس وقت ڈارٹ خلاء میں پہنچنے کے بعد راکٹ سے الگ ہو کر 24ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنے ہدف کی طرف بڑھ رہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ برس سردیوں میں یہ ڈیمورفس نامی شہابیے سے جا ٹکرائے گا جس سے اسکی اپنے مدار گردش ایک درجہ سے بھی کم تبدیل ہو جائے گی۔
ناسا کے اس منصوبے کے انچارج اور پلینٹری سائنسز کے شعبہ کے ڈائریکٹر لوری گلیز کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف ایک فٹبال اسٹیڈیم کے برابر حجم کا حامل ہے جبکہ ہم اسے ایک فرج کے برابر چیز سے ٹکر مار رہے ہیں ۔ہمیں امید ہے کہ اس سے شہابیے کی گردش میں انتہائی معمولی فرق آئے گا۔اور ہم زمین سے اس فرق کو نوٹ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ مستقبل میں زمین کی طرف آنے والے کسی خطرناک شہابیے کی سمت میں تبدیلی کے لئے درکار معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔