انقرہ(پاک ترک نیوز)
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہےکہ انقرہ سفارت کاری کے ذریعے روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اور انہوں نے دونوں متحارب ملکوں کے صدور کو ترکی میں ایک بار پھر ملاقات کی دعوت دی ہے۔
صدراردوان نےان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز یوکرین کے دورے کے بعد صدارتی طیارے میں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ "جس طرح میں نےروسی صدر ولادیمیر پوٹن کو اپنے سوچی دورے کے دوران بتایا تھا۔ اسی طرح میں نے یوکرین کے صدر ولادیمیرزیلنسکی کو یاد دلایا ہے کہ ہم ان کے درمیان ملاقات کی میزبانی کر سکتے ہیں۔اور ہم سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے جنگ کے حل میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اردوان نے کہا کہ ترکی، یوکرین اور اقوام متحدہ نے ان اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جو یوکرائنی اناج کی برآمدات کے لیے اٹھائے جا سکتے ہیں، اور عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ سفارتی عمل کو بحال کرنے کی ذمہ داری قبول کرے۔
اردگان نے کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے وہ زیلنسکی اور پوٹن سے الگ الگ ملاقات کر چکے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے کو ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھائیں گے۔چنانچہ جنرل اسمبلی میں جو پیغامات پہنچائے جائیں گے وہ بہت معنی خیزہوں گے۔ جو پیغام ہم اور دوسرے ممالک وہاں دیں گے، وہ بہت اہم ہیں۔