مزید عرب ممالک کو اسرائیل کا دوست بننے کے لئے تیار کرو، ٹرمپ کا یو اے ای سے مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پرنس محمد بن زید سے کہا ہے کہ مزید عرب ممالک کو اسرائیل کے ساتھ دوستی کے لئے تیار کیا جائے۔

عرب میڈیا کے مطابق وہائٹ ہاوٗس کے ڈپٹی پریس سیکریٹری جیڈ ڈیئر نے میڈیا کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے محمد بن زید سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

وہائٹ ہاوٗس کے پریس سیکریٹری کے مطابق ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پر زور دیا کہ وہ دیگر عرب ممالک کو بھی اسرائیل کے ساتھ دوستی کے لئے تیار کریں۔

جیڈ ڈیئر کے مطابق محمد بن زید نے کورونا وائرس سے صحت یابی پر صدر ٹرمپ کو مبارک باد دی۔ صدر ٹرمپ نے ابراہم معاہدے کے تحت اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان تعلقات قائم کرنے کے لئے مرکزی کردار ادا کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا۔

عرب میڈیا نے کہا ہے کہ امریکہ سوڈان پر دباوٗ ڈال رہا ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ تعلقات قائم کرے جس کے عوض سوڈان کو دہشت گرد ریاست کی فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یو اے ای اور بحرین نے 15 ستمبر کو وہائٹ ہاوٗس میں صدر ٹرمپ کی زیر صدارت اجلاس میں اسرائیل کو ریاست کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More