اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینی ہے۔
عمران خان نے ٹائیگر فورس کی ویب سائٹ لانچ کردی اور نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
اپنے ایک پیغام میں انہوں نے نوجوان، مرد اور خواتین سمیت کارکنان کو ٹائیگر فورس میں فوری رجسٹریشن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج ٹائیگر فورس، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوں، ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں آپ کی ضرورت ہے۔ تمام نوجوان رجسٹر ہو کر ٹائیگر فورس کا حصہ بنیں ۔
عمران خان نے کہا کہ یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے، آج انہوں نے نیب اور ایف آئی اے کوتباہ کر دیا، 1100ارب روپے کی چوری پرخود کو این آر او دیا گیا، ایف آئی اے میں 16 ارب روپے کے کیسز دفن کر دئیے۔
My special message for our tiger force, all our youth and our women. pic.twitter.com/JcNpMXmTtj
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 27, 2022
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی، 30سال سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا، دو خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی، یہ پھر اس لئے اقتدار میں لائے گئےتاکہ باہرکےایجنڈے پر چلیں۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف پاکستان کے ادارے تباہ کر کے خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں، 60فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانتیں لے کر بیٹھی ہیں۔ نوجوانوں سے کہتا ہوں خود کو رجسٹر کریں اور ٹائیگر فورس کاحصہ بنیں، انتخابی مرحلے میں نوجوان ہماری مدد کریں، ٹائیگر فورس عوام کو گھر گھر جا کر نکالے ، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سب نے حصہ لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں ، یہ کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے، پنجاب کے20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے، پارٹی کی لیڈرشپ پر ایف آئی آر کاٹی ہوئی ہے، میرے اوپر 9 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پارلیمنٹ ختم ہو گئی پنجاب میں بھی تماشا لگا رکھا ہے، قومی اسمبلی میں ایسے شخص کو اپوزیشن لیڈر بنایا جو ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے گا۔ میڈیا پر فاشسٹ ہتھکنڈوں کے ذریعے بد ترین سختیاں مسلط کی گئی ہیں، نامور اینکرز پر ایف آئی آر ، میڈیا مالکان کو کالز کے ذریعے دھمکایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کو دھمکایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینی ہے ، آپ رجسٹریشن مکمل کریں میں جلد آپ سے بات کروں گا۔