عطا تارڑ، رانا مشہود سمیت 12لیگی رہنمائو ں کا ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) عطا اللہ تارڑ ، رانا مشہود سمیت 12لیگی رہنمائوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے درج ایف آئی آر کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
لیگی ایم پی ایز نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، چوہدری پرویز الٰہی تشدد کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی۔
لیگی رہنما حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کریں گے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ ان رہنماؤں میں عطاء تارڑ، اویس لغاری، راجہ صغیر احمد اور دیگر شامل ہیں۔
انہوں نے درخواست میں اسٹیٹ اور انچارج تھانہ قلعہ گھر سنگھ کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ حفاظتی ضمانت منظور کرکے پنجاب پولیس کو گرفتاری سے روکے، ہم پر جھوٹا اور بےبنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے، صفائی کے لیے پیش ہونا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا مشہود نے بیان دیا ہے کہ چند ہفتے قبل جب پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کا الیکشن ہوا تو ہم نے احتجاج کیا کہ اس میں سیکریسی آف بیلٹ خاطر نہیں رکھا گیا، ہمارے احتجاج پر ہونا تو یہ چاہیے تھا پولنگ کو روکا جاتا اور اپنی غلطی کو مانا جاتا لیکن یہاں بھی بدمعاشی اور ہڈ دھرمی دکھائی گئی اور الیکشن چلتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے انشاء اللہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا ، انھوں نے ایک کمیٹی بنادی جس میں ہمیں بلایا نہیں گیا اور پندرہ دن کے لئے پابندی لگادی ہم نے اس کو بھی چیلنج کیا ہوا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More