علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کا اہل قرار دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی بھی کالعدم قرار دی ہے ۔بکا خیل میں پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشید کی نااہلی برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تحصیل میئر کیلئے تحریک انصاف کےامیدوارعمرامین گنڈاپور کی نااہلی کا فیصلہ 3 روز قبل معطل کیا تھا اورالیکشن کمیشن سے جمعہ تک جواب طلب کیا تھا۔
گیارہ فروری کو اسلام آبادہائیکورٹ میں عمرامین گنڈا پور نااہلی کیس میں جے یو آئی کے رہنما اور سینئر وکیل کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عمر امین گنڈا پور کی درخواست میں مجھے فریق بنایا گیا اور میں نے تو علی امین گنڈا پور کے خلاف شکایت کی تھی۔
عمرامین گنڈاپور کے وکیل اشرف گجر نے کہا کہ ہم کامران مرتضیٰ کو فریقین میں سے ہٹا دیں گے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سامنے آنے پر پہلے جرمانہ ہوتا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈاپور کو کب جرمانہ کیا؟جن گراؤنڈز پر کميشن نے فیصلہ دیا اس میں پہلے متعلقہ سیاسی جماعت کو نوٹس ہوتا ہے،الیکشن کمیشن دکھائے سیاسی پارٹی کو کب نوٹس کیا گیا؟۔
سات فروری کو عمرامین کو الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسمعیل خان کے تحصیل میئرکے انتخابات کیلئے نااہل قرار دیاتھا۔ الیکشن کمیشن نے علی امین اور عمر امین کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
عمرامین ڈیرہ اسماعیل خان(ڈی آئی خان) سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا تھا تاہم علی امین گنڈاپور کو ڈی آئی خان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ علی امین گنڈاپور کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں وفاقی وزیرامور کشمیرعلی امین گنڈاپور اپنے بھائی عمر امین کی الیکشن مہم میں مصروف تھے۔
وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کو الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت دفعہ 181 کی خلاف ورزی پر ضلع بدر کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے۔چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کو الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کی گئی تھی۔
دو ماہ قبل بھی علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرالیکشن کمیشن آف پاکستان نے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا تھا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More