عمران خان کا سائفر والا معاملہ فراڈ ،ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں،رانا ثنا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سائفر والا معاملہ فراڈ تھا، اور وہ ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، یہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان کا سائفر والا معاملہ فراڈ تھا، اور وہ ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، وہ قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کی تیسری آڈیو لیک سے رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی،
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا سائفر والا معاملہ بھی فراڈ تھا اور وہ تو قوم کے ساتھ کھیل رہے تھے، عمران خان نوجوانوں سے حلف لے کر کہہ رہے ہیں کہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑنی ہے۔ حقیقی آزادی کی کوئی حقیقت نہیں بلکہ عمران خان بے بنیاد باتیں کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ضمیر فروشوں کے بچوں سے کوئی شادی نہیں کرتے اور عمران خان خود کو نیٹ اینڈ کلین سمجھتے ہیں۔ عمران خان کسی کو چور تو کسی کو ڈاکو کہتے ہیں اور عدم اعتماد سے بچنے کے لیے عمران خان خریدوفروخت کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو ادراک ہونا چاہیے کہ عمران خان قوم کو نقصان پہنچائیں گے، عمران خان کی آڈیوز لیک ہو رہی ہیں اور وہ بے نقاب ہو رہے ہیں، عمران خان نے سائفر کے معاملے پر غلط بیانی کی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کا عمران خان کو خود نہیں پتہ کہ وہ کون سی آزادی کی بات کرتے ہیں اور آج پھر عمران خان کی نئی آڈیو لیک ہوئی جس میں وہ پھر بےنقاب ہو چکے ہیں۔ پہلے بھی عمران خان بے نقاب ہوئے اور نئی آڈیو نے آج رہی سہی کسر پوری کر دی۔
لانگ مارچ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کے لیے منصوبہ بنا رہے ہیں وہ لانگ مارچ کے حربے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں تاہم لانگ مارچ کو روکنے کے لیے وزارت داخلہ نے مؤثر حکمت عملی بنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز تیار ہیں اور اگر ایک بار جتھے کو اسلام آباد داخلے کی اجازت دی تو یہ سلسلہ بن جائے گا اس لیے ہم پوری طاقت سے جتھے کو روکیں گے۔ عمران خان کہتے ہیں رانا ثنا اللہ کو ہمارے ارادوں کا پتہ نہیں تو ہمیں عمران خان کے ارادوں کا پتہ ہے۔ عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More