واشنگٹن (پاک ترک نیوز) امریکہ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ماسکو پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں روس کے اقدامات پر اعتراض اٹھانا ہر ذمہ دار ملک کی ذمہ داری ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈپرائس نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ہونیوالی ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو یوکرین کی صورتحال پر اپنے موقف سے آگاہ کردیا ہے۔پریس بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہم نے روس کے یوکرین پر دوبارہ حملے کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کردیا ہے ۔ہم نے انہیں جنگ کے حوالے سے سفارت کاری کی کوششوں سے آگاہ کیاہے۔
ا ن کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ یوکرین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات اور اقتصادی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ماسکو روانہ ہوئے جب امریکہ اور متعدد مغربی ممالک نے مشرقی یوکرین کے کچھ حصوں میں فوجی تعیناتی کے لیے روس پر نئی پابندیاں عائد کیں۔