اسلام آباد(پاک ترک نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ايک اور مبینہ آڈيو منظر عام پر آ گئی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی بات کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں وہ ایم این ایز کو خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔عمران خان آڈیو میں کہتے سنائی دیتے ہیں کہ پانچ ایم این ایز تو میں خرید رہا ہوں، میرے پاس جو 5 ہیں، وہ بڑے اہم ہیں۔
مبینہ آڈیو میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اب سے لے کر 48 گھنٹے بہت اہم ہيں، اس ميں بڑی چيزيں ہو رہی ہيں، میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں ہم اسے پبلک نہیں کر سکتے۔
عمران خان مبینہ طور پر اپنی کابینہ سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کو يہ غلط فہمی ہو گئی ہے کہ اب نمبر گيم پوری ہو گئی ہے، يہ نمبر ايسا ہے نہيں، ايسا مت سوچيں کہ سب ختم ہو گيا۔مبینہ آڈیو میں کسی کا اشارہ کرتے ہوئے ہدایت دے رہے ہیں کہ اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں 5 ارکان مزید لے دے تو 10 ہو جائیں گے اور یہ گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔
عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اس وقت قوم الارم ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم کسی طرح بھی جیت جائیں، اس لئے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے، کوئی بھی حربہ ہو، اگر کوئی ایک ایک بھی ایم این اے توڑ دیتا ہے تو اس سے بھی بہت فرق پڑے گا۔