اسلام آباد(پاک ترک نیوز )پاکستان اور آذربائیجان کی نوجوان نسل میں مضبوط رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔آذربائیجان کے سفارتخانے اور پاکستان ، آذربائیجان ایلومینائی ایسوسی ایشن نے کامیسٹ یونیورسٹی ، اسلام آباد کے تعاون سے دونوں ممالک کی نوجوان نسل میں روابط کے فروغ پر سیمینار کا اہتمام کیا ۔ سیمینار کا موضوع بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اوربانی آذربائیجان حیدر علی یوف کی یوتھ پالیسی منتخب کیا گیا ۔
آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے ۔ خضر فرہادوف نے کہا ، پاکستان اور آذربائیجان تجارتی اور ثقافتی روابط کی وجہ سے ایک دوسرے سے بہت قریب ہیں ۔ قائد اعظم محمد علی جناح اور حیدر علییوف نے نوجوانوں کو قوم کا مستقبل قراردیا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا قائداعظم اور حیدرعلیوف نے پاکستانی اور آذری قوم میں زندگی کی امنگ اور نئی روح پھونکی ۔ ضروری ہے کہ دونوں برادرممالک اپنے ویژنری لیڈرز کی طرح منزل کی جانب بڑھتے جائیں ۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور آذری صدر الہام علیوف دونوں ممالک میں روابط کی مضبوطی کے لیے اہم کردار اداکررہے ہیں ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے زور دیا کہ قائداعظم اور حیدر علیوف کی تعلیمات میں نوجوان نسل سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی گئی ہیں ۔ سیمینار میں پاکستان اور آذربائیجان میں سیاسی اور تجارتی روابطہ پر روشنی ڈالی گئی ۔
سیمینار کے دوران نگورنو کاراباخ پر تیس سالہ آرمینیائی قبضے کے دوران آذری لوگوں پر کیے گئے مظالم کی تصاویر بھی گیلری میں آویزاں کی گئیں ۔ گزشتہ برس آذری صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان نے آرمینیا کو شکست دے کر نگورنو کاراباخ کو آزادی دلائی تھی ۔