قازقستان میں پرتشدد ہنگامے، روسی دستے مدد کو پہنچ گئے

الماتی(پاک تر ک نیوز) روس نے قازقستان میں جاری پرتشدد ہنگاموں اور بغاوت کی جانب بڑھتے ہوئے مظاہروں کو روکنے میں قازق حکومت کی مدد کے لئے اپنے چھاتہ بردار دستے بھیج دیئے ہیں۔
جمعرات کے روز جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق پولیس نے مرکزی شہر الماتی میں درجنوں فسادیوں کو ہلاک کیا ہے۔ جبکہ سرکاری ٹیلی ویژن کا دعویٰ ہےکہ سیکورٹی فورسز کے 13 ارکان ہلاک ہوئے جن میں سے دو کے سر قلم کیے گئے تھے۔
الماتی میں صحافیوں نے بتایا کہ صدارتی رہائش گاہ اور میئر کا دفتر دونوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ شہر میں جابجا جلی ہوئی گاڑیاں بکھری پڑی ہیں۔جبکہ جمعرات کی دوپہر تک، شہر کا ہوائی اڈہ، جس پر پہلے مظاہرین نے قبضہ کر لیا تھاکا کنٹرول دوبارہ فوج نے حاصل کر لیا ہے۔مزید براں الماتی سمیت ملک تمام بڑے شہروں سے پرتشدد فسادات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب پورے ملک میں انٹرنیٹ بند کر دیا گیاہے جس سے جاری ہنگاموں اورپرتشدد واقعات کی تصدیق کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔
قازقستان کے لئے ایسی بد امنی اپنی طرز کا نیا معاملہ ہے ۔جہاں تین برس قبل ازخود سبکدو ش ہونے والے81 برس کے سابق صدر نور سلطان نظربائیوف نے بھرپور کنٹرول کے ساتھ حکومت کی تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More